کاروار 11؍نومبر(ایس اونیوز) چند مہینوں کے اندردرپیش پارلیمانی انتخابات کے لئے سرکاری سطح پر تیاریوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ اسی کڑی کے طور پرضلع شمالی کینرا کے ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں ووٹنگ کے لئے استعمال ہونے والی وی وی پیاٹ(VVPAT)مشینوں کی کارکردگی کے بارے میں جانچ پڑتال کی گئی ۔
پہلے مرحلے کے طور پر الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور وی وی پیاٹ کے اندراسمبلی انتخابات کے وقت جو معلومات ریکارڈ ہوگئی تھیں ، انہیں ان مشینوں سے نکالنے اور آئندہ انتخاب کے لئے فیڈبیاک داخل کرتے ہوئے انہیں تیار کرنے کا کام شروع کیا گیا ہے، کیونکہ یہی مشینیں آئندہ پارلیمانی انتخاب میں استعمال کی جائیں گی۔اس وقت ایڈیشنل ضلع ڈپٹی کمشنر سریش ایٹنال کی سربراہی میں 150سے زیادہ افرا دپرمشتمل عملہ وی وی پیاٹ کی جانچ اور اس میں داخل ریکارڈکو صاف کرنے اور اس میں سے ووٹ کنفرمیشن لیٹر کو نکال کر محفوظ رکھنے کا کام انجام دینے میں مصروف ہے۔
پتہ چلا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین(ای وی ایم) میں داخل ریکارڈ صاف کرنے اور آئندہ انتخاب کے لئے اسے ضروری فیڈ بیاک کے ساتھ تیار رکھنے کا کام کاروار کے ڈی سی آفس میں پیرکے دن شروع ہوگا، جس کے لئے بنگلورو سے 21ٹیکنیکل ماہرین تشریف لائے ہیں اور وہ آئندہ 15دنوں تک مسلسل اس پر کام کرتے ہوئے مشینوں کو تازہ انتخابات کے لئے پوری طرح تیار کریں گے۔
خیال رہے کہ کسی بھی الیکشن کے اختتام پر اگر ووٹنگ مشین یا وی وی پیاٹ سے متعلق کوئی شکایت ہوتو 45 دنوں کے اندر اسے متعلقہ افسران کے علم میں لایا جانا چاہیے۔ 45دنوں کی مہلت ختم ہونے کے بعد اس میں داخل کی گئی تمام تفصیلات حذف کی جاسکتی ہیں۔ جہاں تک ضلع شمالی کینرا کا تعلق ہے ، معلوم ہوا ہے کہ حالیہ اسمبلی انتخابات کے پس منظر میں کہیں سے بھی کوئی باضابطہ شکایت افسران کو موصول نہیں ہوئی ہے۔ اور چونکہ شکایت کے لئے 45دنوں کی مہلت ختم ہوگئی ہے اس لئے مشین میں محفوظ سابقہ ریکارڈ صاف کرتے ہوئے اب نئے الیکشن کے لئے ان مشینوں کو تیار کیا جارہا ہے۔